سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں آزاد کشمیر کا جھنڈا لہرانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس خبر کو بغیر تحقیق دھڑا دھڑ شیئر کررہے ہیں اور اس کی بنیاد پر ریاست پاکستان اور اداروں کے خلاف بھی باتیں کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس خبر کی بنیاد راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پیش آنے والا ایک واقعہ ہے جہاں پولیس اہلکار نے نوجوان سے کہاکہ آپ جھنڈا جیب میں ڈالیں کیوں کہ اسٹیڈیم میں پاکستان کے علاوہ کوئی بھی جھنڈا لہرانے کی اجازت نہیں۔
آج راولپنڈی سٹیڈیم میں کشمیر کا جھنڈا لہرانے سے کشمیریوں کو روک دِیا گیا
💔 pic.twitter.com/FQwf4r2eqJ— Yousaf Saeed (@YousafSaeedPTI) February 24, 2025
فیکٹ پلس نے اس سارے معاملے کی تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ چونکہ چیمپیئنز ٹرافی کے میچوں کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اسٹیڈیم میں صرف پاکستان کا جھنڈا لے جانے کی اجازت ہے۔
راولپنڈی پولیس کے ایک آفیسر نے فیکٹ پلس کو بتایا کہ اسٹیڈیمز میں پاکستان کے علاوہ کوئی دوسرا جھنڈا لہرانے کی اجازت اس لیے نہیں کہ اگر کسی ایک کو اجازت دی جائے گی تو پھر پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر جماعتوں کے لوگ بھی جھنڈے لہرائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اس حوالے سے منصوبہ بھی تیار کیا ہوا ہے کہ کسی طرح چیمپیئنز ٹرافی کے میچ کے دوران عمران خان کے حق میں احتجاج کیا جائے۔
اس کے علاوہ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ دو روز قبل راولپنڈی میں ہونے والے میچ کے دوران مذہبی جماعت کا ایک کارکن حافظ سعد رضوی کی تصویر لے کر اسٹیڈیم پہنچ گیا تھا۔
پولیس نے مذہبی جماعت کے اس کارکن کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی بھی شروع کردی ہے۔
فیکٹس پلس کے مطابق جس ویڈیو کلپ کی بنیاد پر ریاست پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اس میں پولیس اہلکار نوجوان سے واضح کہہ رہا ہے کہ آپ جھنڈا جیب میں ڈال دیں کیونکہ اگر آپ کو کشمیر کا جھنڈا لہرانے کی اجازت دیں گے تو پھر پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں کے لوگ بھی جھنڈے لے کر آجائیں گے اور سیکیورٹی معاملات کی وجہ سے اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
نتائج:۔ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ پاکستان میں آزاد کشمیر کا جھنڈا لہرانے پر پابندی عائد ہے، راولپنڈی اسٹیڈیم میں پولیس اہلکار نے سیکیورٹی معاملات کی وجہ سے نوجوان کو کشمیر کا جھنڈا جیب میں ڈالنے کا کہا، جھنڈے کی توہین نہیں کی گئی۔ اس کے علاوہ کسی دیگر مقام پر جھنڈا لہرانے پر کوئی پابندی عائد نہیں۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے انٹری پوائنٹس پر بدستور پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے نصب ہیں۔