spot_img

فیکٹ چیک: لاہور میں خاتون پر آوارہ کتوں کا حملہ، وائرل ویڈیو بھارت کی ہے

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں آوارہ کتے خاتون پر حملہ آور ہوجاتے ہیں، صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ ویڈیو صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق ایک خاتون گھر کے باہر گلی سے جارہی تھی کہ اچانک آوارہ کتوں نے اسے گھیر لیا، خاتون اپنے دوپٹے کے ذریعے کتوں کو بھگانے کی کوشش کرتی ہے لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹتے اور خاتون کو زخمی کر دیتے ہیں، تاہم یہ واقعہ بھارت کا نکلا ہے۔

دوسری طرف لاہور میں بھی آوارہ کتوں کی جانب سے خاتون پر حملے کی ایک خبر سامنے آئی اور سٹی ٹریفک پولیس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ لاہور کی ایک نجی سوسائٹی میں پیش آیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے مناواں میں آوارہ کتوں نے خاتون پر حملہ کیا، جس کی اطلاع پر اینیمل ریسکیو سینٹر نے کارروائی کرتے ہوئے آوارہ کتوں کو دھر لیا۔

سوشل میڈیا پر جس ویڈیو کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ لاہور میں آوارہ کتوں کی جانب سے خاتون پر حملے کی ہے، یہ درست نہیں۔

فیکٹ پلس کے مطابق لاہور کی نجی سوسائٹی میں خاتون پر آوارہ کتوں نے حملہ ضرور کیا، لیکن جس ویڈیو کو اس واقعے کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے وہ بھارت کی ہے۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس رانا عارف نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی ہے۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس نے بتایا کہ لاہور میں پیش آنے والے واقعے سے متعلق خاتون کے اہل خانہ نے ہمیں گمراہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں ایک نجی سوسائٹی میں آوارہ کتوں نے شفیق الرحمان نامی شہری کی بیٹی پر حملہ کیا تھا، جس کی اطلاع اینیمل ریسکیو سینٹر کو دی گئی، جس پر ٹیم نے پہنچ آوارہ کتوں کو پکڑ لیا۔

نتائج:۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو جس میں آوارہ کتے خاتون پر حملہ آور ہیں وہ بھارت کی ہے، لاہور میں خاتون پر کتے حملہ آور ہوئے لیکن یہ ویڈیو اس واقعے کی نہیں۔

Author

تازہ ترین