ملک بھر میں بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچانے کے لیے ویکسنیشن مہم کا آغاز ہوگیا۔ مہم کے دوران قریباً 9 سے 14 سال کی ایک کروڑ 30 لاکھ بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس دوران سروائیکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے مختلف دعوے بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہے ہیں، اور کچھ لوگوں کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ یہ ویکسین مرض سے بچاؤ کے لیے نہیں بلکہ مغرب کی سازش ہے۔
اسی دوران آج ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک اسکول میں ایچ پی وی ویکسین لگانے سے بچیاں بے ہوش ہوگئیں۔
اس دعوے کو جنرل (ر) حمید گل مرحوم کے فرزند عبداللہ حمید گل نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیا۔ جس کے بعد لوگوں نے بغیر تحقیق اس کو شیئر کرنا شروع کردیا اور مختلف سوالات اٹھائے۔
👩🏼🎓سکولوں میں زبردستی ویکسینیشن کے بعد کئی بچیوں کی طبیعت خراب ہو گئی اور اُنہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا
🤲خدارا! اپنے بچوں کے معاملے میں صاف اور دو ٹوک موقف اختیار کریں
☢️دنیا کے سب تجربے ہمیشہ ہم غریبوں پر ہی کیے جاتے ہیں💔
💉سیلاب زدگان کیلیے مدد نہیں پر مغرب فری ویکسین دے رہا ہے pic.twitter.com/QBr6BJ9OZ0— Abdullah Gul (@MAbdullahGul) September 16, 2025
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو آزاد کشمیر ہے، تاہم اس کا ایچ پی وی ویکسینیشن مہم سے کوئی تعلق نہیں۔
فیکٹ پلس کے تحقیق میں معلوم ہوا کہ مئی 2024 میں آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال میں عوام احتجاج کررہے تھے تو اس دوران پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس کے باعث قریب موجود اسکول کی بچیاں متاثر ہوئیں، جنہیں اسپتال منتقل کرنے کے بعد طبی امداد دی گئی تھی۔
ڈڈیال پولیس ریاستی اور غیر ریاستی فورس کا آنسو گیس دیگر زہریلی گیس کا استعمال جس سے سکول کے بچے بے ہوش ذرائع کے کچھ بچوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے pic.twitter.com/LJVFddOaD9
— sardar tahir (@sardartahir8685) May 9, 2024
اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ ایچ پی وی ویکسین لگانے سے ملک کے کسی بھی علاقے میں کوئی بچی بے ہوش ہوئی ہو۔
نتائج:۔ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ ایچ پی وی ویکسینیشن کے دوران اسکول کی بچیاں بے ہوش ہوئی ہیں۔ یہ فیک نیوز ہے۔

