کچھ روز سے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ کی جانب سے شہریوں کے لیے آن لائن چالان کے حوالے سے ہدایات سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں جس کے مطابق آن لائن چالان کی صورت میں ٹریفک اہلکار کو اپنا موبائل نمبر درج کرانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ کیش ادائیگی اس صورت میں کریں جب صارف کے موبائل پر 9110 سے چالان کا میسج آجائے بصورت دیگر ادائیگی نہ کی جائے، ہدایات میں درج ہے کہ ایس ایم ایس نہ آنے کی صورت میں رقم ٹریفک اہلکار کی جیب میں جاتی ہے۔
اس حوالے سے ترجمان ٹریفک پولیس کراچی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ٹریفک قوانین کے حوالے سے ایک خبر زیرگردش ہے جس میں آن لائن چالان کے حوالے سے ہدایات تحریر ہیں، اس خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
ترجمان نے کہاکہ جھوٹی خبریں وائرل کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ آپ بھی خبروں کی تصدیق کیا کریں اور حقائق پر مبنی معلومات کو آگے بڑھانے میں ہماری مدد کریں۔