سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ خبر تیزی سے گردش کررہی ہے کہ چکوال کے علاقے بلکسر میں 5 روپے مہنگا سگریٹ فروخت کرنے پر دکاندار کو قتل کردیا گیا ہے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے حقائق جاننے کی کوشش کی اور تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
اس حوالے سے ترجمان چکوال پولیس نے بتایا کہ ڈی پی او چکوال نے چوکی بلکسر کے علاقہ میں قتل و لڑائی جھگڑا کی سوشل میڈیا پر خبروں کا فوری نوٹس لیا۔
ان کے مطابق پولیس چوکی بلکسر کے علاقہ میں کوئی قتل کی واردات نہیں ہوئی، سوشل میڈیا پر چلنے والے تمام افواہیں بے بنیاد ہیں۔
عبد الرحمان ایس ایچ او تھانہ صدر چکوال و انچارج پولیس چوکی بلکسر اختر محمود نے بتایا کہ بلکسر میں ایک شخص کے قتل کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جو بے بنیاد ہیں، یہاں ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس واقعہ کی حقیقت یہ ہے کہ متوفی فضل الرحمان اپنے بھانجے کے ہمراہ دوکانداری میں مصروف تھا کہ اس کو ہارٹ اٹیک آیا اور بھانجا اس کو آر ایچ سی اسپتال لے کرگیا جہاں پر اس کی موت واقع ہو گئی اور ڈاکٹروں نے اس کی تصدیق کی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی جھگڑے اور قتل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔