سوشل میڈیا پر ایک اشتہار زیرگردش ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ٹیوٹرز کی بھرتی جاری ہے۔
اشتہار میں خواہشمند افراد کو متعلقہ ڈاکومنٹس کے ساتھ اپلائی کرنے کی ترغیب دی گئی ہے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یونیورسٹی کی جانب سے ایسا کوئی اشتہار جاری نہیں کیا گیا، یہ عوام سے فراڈ کرنے والے کسی گروہ کی کارستانی ہے۔
دوسری جانب علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ جامعہ نے ٹیوٹرز کی بھرتی کے لیے کوئی اشتہار جاری نہیں کیا۔

وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش اشتہار سے یونیورسٹی کا کوئی تعلق نہیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ جامعہ سے متعلق کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے آفیشل ذرائع سے استفادہ کیا جائے۔
فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق فراڈ کرنے والے مختلف گروہ روزگار کے نام پر لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا کر رقم ہتھیا لیتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کسی بھی قسم کے اشتہار کی تصدیق متعلقہ ادارے سے ضرور کرلی جائے۔

