spot_img

فیکٹ چیک: کارساز حادثہ کی ملزمہ نتاشا دانش کی وکٹری بناتے تصویر وائرل، حقیقت کیا ہے؟

کراچی کے علاقے کارساز روڈ پر کچھ روز قبل ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار کار شہریوں پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے، جبکہ دیگر 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ گاڑی کو معروف کاروباری شخصیت دانش اقبال کی اہلیہ نتاشا دانش چلا رہی تھیں، پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ابتدا میں نتاشا دانش کے حوالے سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ وہ ذہنی مریضہ ہیں تاہم جناح اسپتال کی رپورٹ میں ان کی ذہنی صحت کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔

اس وقت نتاشا دانش جیل میں ہیں، اور پاکستان بھر کے عوام ان کو سزا دینے کا مطالبہ کررہے ہیں، جبکہ ان کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں وہ مبینہ طور پر عدالت پیشی کے موقع پر ہنستے ہوئے وکٹری کا نشان بنارہی ہیں۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پاکستان کے سسٹم پر تنقید کی جارہی ہے، اس تصویر کو پاکستان کے معروف صحافی حامد میر اور عاصمہ شیرازی نے اپنے ایکس اکاؤنٹس پر شیئر کیا۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ اس تصویر کی حقیقت کیا ہے، تو معلوم ہوا کہ یہ اے آئی کی مدد سے تیار کی گئی تصویر ہے۔ واضح رہے کہ حامد میر اور عاصمہ شیرازی نے بھی حقیقت کا علم ہونے پر تصویر اپنے اکاؤنٹس سے ڈیلیٹ کردی ہے۔

نتائج:۔ سوشل میڈیا پر ملزمہ نتاشا دانش کی وکٹری والی تصویر جعلی ہے، جسے اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) کی مدد سے تیار کیا گیا۔

Author

تازہ ترین