spot_img

فیکٹ چیک: وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی ڈیپ فیک ویڈیوز، حقیقت کھل کر سامنے آگئی

وزیر اطلاعات پنجاب و مسلم لیگ ن کی سینیئر رہنما عظمیٰ بخاری کی مبینہ نازیبا ویڈیوز کا بھانڈہ پھوٹ گیا اور حقیقت کھل کر سامنے آگئی ہے، جبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ بھی اس حوالے سے اپنی تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔

عظمیٰ بخاری کی 3 مختلف مبینہ نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیر گردش ہیں، جس کے خلاف انہوں نے ایف آئی اے سے بھی رجوع کررکھا ہے، اور ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ڈیپ فیک ویڈیوز ہیں، اس لیے ایف آئی اے ایسا کرنے والے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں سزا دے۔

فیکٹ پلس نے مبینہ ویڈیوز کے حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ عظمیٰ بخاری کی یکم اگست کو سامنے آنے والی ویڈیوز میں سے ایک ویڈیو ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ’وی نیوز‘ کے ساتھ منسلک صحافی عارف ملک کے ساتھ ہے، جہاں سے یہ ساری کہانی کھل کر سامنے آگئی۔

فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق وی نیوز کے رپورٹر عارف ملک نے حال ہی میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا انٹرویو کیا تھا، اور اب اسی ویڈیو کو ایڈیٹ کرتے ہوئے ڈیپ فیک ویڈیو بنائی گئی ہے۔

فیکٹ پلس کے مطابق جدید دور میں اے آئی کے استعمال سے ڈیپ فیک ویڈیوز بنانے کا سلسلہ عام ہوگیا ہے، اور کوئی بھی اس سے محفوظ نہیں، اور عظمیٰ بخاری کی ویڈیوز میں بھی ایسا ہی کیا گیا ہے، جہاں اے آئی کے استعمال سے کسی اور ویڈیو پر ان کا چہرہ لگا کر سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا ہے۔

نتائج:۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی وائرل کی جانے والی ویڈیوز جعلی ہیں، اور یہ اے آئی کے استعمال سے بنائی گئی ہیں۔

Author

تازہ ترین