spot_img

فیکٹ چیک: جعفر ایکسپریس کو دہشتگردوں کی جانب سے آگ لگانے اور 100 فوجی جوانوں کی شہادت کی خبریں، حقیقت کیا ہے؟

بلوچستان کے ضلع بولان میں دہشتگردوں کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد اب سیکیورٹی فورسز نے آپریشن مکمل کرلیا ہے، جس میں 33 دہشتگرد ہلاک اور ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے ہیں۔

دہشتگردوں کے جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے اب تک سوشل میڈیا پر مختلف خبریں بغیر تحقیق شیئر کی جارہی ہیں، ایک صارف نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ایک ٹرین کو آگ لگے ہوئے دکھایا گیا۔

اس کے علاوہ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے دعویٰ کیاکہ دہشتگردوں نے ٹرین میں سوار پاک فوج کے 100 کے قریب جوانوں کو شہید کردیا ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن شروع ہونے سے قبل 21 معصوم شہریوں کو شہید کیا گیا۔

فیکٹ پلس کے مطابق ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں کہ دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس کو آگ لگا دی ہے، اس کے علاوہ 100 فوجی جوانوں کو شہید کرنے کی خبر بھی فیک نیوز ہے۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کی تصدیق کردی ہے اور بتایا ہے کہ آپریشن کے دوران تمام 33 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے، جبکہ اس دوران ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے ہیں، اور آپریشن شروع ہونے سے قبل دہشتگردوں نے جن معصوم شہریوں کو شہید کیا ان کی تعداد 21 ہے۔

نتائج:۔ جعفر ایکسپریس کو دہشتگردوں کی جانب سے آگ لگانے اور 100 فوجی جوانوں کو شہید کرنے کی خبریں خلاف حقائق ہیں۔

Author

تازہ ترین