سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ حکومت نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں عمران خان سے منسوب انکلوژر ختم کردیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین بغیر تحقیق اس خبر کو شیئر کررہے ہیں، اور مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں، کچھ صارفین کا خیال ہے کہ حکومت عمران خان کے بغض میں یہ سارے اقدامات کررہی ہے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور کی تزئین و آرائش کے دوران عمران خان انکلوژر کا بورڈ ہٹایا گیا تھا جو دوبارہ نصب کردیا گیا ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق حکومت یا پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم عمران خان سے منسوب انکلوژر ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر فیک نیوز ہے۔
واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم کے تمام انکلوژرز کو سابق معروف کرکٹرز کے نام سے منسوب کیا گیا ہے، جن میں ایک انکلوژر عمران خان کے نام سے بھی ہے۔
حکومت نے چیمپیئنز ٹرافی ایونٹ کے انعقاد سے قبل اسٹیڈیمز کی تزئین و آرائش کی ہے، اور دو روز قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کیا ہے، عمران خان انکلوژر کا بورڈ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے دوران ہٹایا گیا تھا جس میں کوئی بدنیتی شامل نہیں تھی۔
نتائج:۔ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں کہ قذافی اسٹیڈیم میں عمران خان انکلوژر ختم کردیا گیا ہے۔