سوشل میڈیا اور نجی ٹی وی چینلز پر ایک خبر وائرل ہوئی کہ رحیم یار خان کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے دوران پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے راجن پور جانے سے ہی انکار کردیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ فاروق آباد کانسٹیبلری سے روانہ ہونے والے 25 اہلکار راستے میں ہی بس سے اُتر گئے ہیں۔
خبر کے مطابق اہلکاروں نے اپنے متعلقہ انچارج کو جواب دیا کہ ہم اپنے نقصان کے خود ذمہ دار ہیں مگر کسی بھی صورت کچے کے علاقے میں ہونے والے آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے۔
خبر میں کہا گیا ہے کہ 25 اہلکاروں کے رویے اور انکار پر متعلقہ انچارج نے ایک رپورٹ تیار کر کے متعلقہ افسران کو بھیجی جس میں مذکورہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔
ٹیم فیکٹ پلس نے جب تحقیق کی تومعلوم ہوا کہ پنجاب پولیس نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ سوشل میڈیا اور نجی ٹی وی چینلز پر پنجاب کانسٹیبلری کے اہلکاروں کے پی سی ہیڈکوارٹر سے واپسی پر بس سے اترنے اور کچے میں ڈیوٹی سے انکار کے متعلق جھوٹی اور بے بنیاد خبر چلائی گئی ہے جس کی سختی سے تردید کی جاتی ہے۔
تمام اہلکار اپنی ڈیوٹی پر تندہی سے موجود ہیں اورپنجاب پولیس ترجمان کے مطابق پنجاب پولیس کچے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پوری طاقت سے نبرد آزما ہے۔
نتائج:۔ کچے کے علاقے میں آپریشن کے لیے بھجوائے گئے 25 اہلکاروں کے راستے میں ہی بس سے اتر نے کی خبر فیک ہے اور پنجاب پولیس نے اس کی سختی سے تردید کی ہے۔