spot_img

فیکٹ چیک: کیا مولانا طارق جمیل نے عمران خان کی جیل سے رہائی کے لیے دعا کی؟

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ معروف اسلامی اسکالر مولانا طارق جمیل نے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی جیل سے رہائی کے لیے خصوصی دعا کی ہے، اور انہیں بہترین، سچا، درویش اور دین دار لیڈر قرار دیا ہے۔

مبینہ ویڈیو میں مولانا طارق جمیل کی ایک تقریر کو عمران خان کی حمایت کے بیانات کے ساتھ جوڑ کر پیش کیا گیا، جس سے تاثر دیا گیا کہ مولانا نے سیاسی طور پر سابق وزیراعظم کی کھل کر تائید کی ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو ایڈیٹ کی گئی ہے اور اس میں شامل آڈیو مولانا طارق جمیل کی پرانی تقاریر میں سے لی گئی ہے، جسے نئی فوٹیج کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

دوسری جانب خود مولانا طارق جمیل نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ میری ملائیشیا کی مسجد میں کی گئی تقریر کو سوشل میڈیا پر پرانی آڈیو کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں تالیوں کی آواز اور سیاسی مفہوم شامل کرکے ویڈیو کا اصل پیغام بدل دیا گیا ہے۔

مولانا طارق جمیل نے مزید کہاکہ یہ عمل غیر اخلاقی اور دیانت داری کے منافی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ایک ویڈیو لنک بھی شیئر کیا جس میں ملائیشیا میں ان کے مترجم نے واضح طور پر کہاکہ میں مولانا طارق جمیل کا مترجم تھا۔ انہوں نے عمران خان کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ یہ ویڈیو جھوٹ اور فتنے پر مبنی ہے۔

نتائج:۔ مولانا طارق جمیل کی طرف سے عمران خان کی رہائی یا حمایت میں کسی بھی قسم کی براہِ راست دعا یا بیان نہ صرف غلط طریقے سے جوڑا گیا بلکہ اس کی مولانا طارق جمیل نے واضح طور پر تردید بھی کردی ہے۔

Author

تازہ ترین