سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے نواز شریف سے معافی مانگ لی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبر میں کہا جارہا ہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل سے نواز شریف کے نام خط لکھ کر کہا ہے کہ قائد ن لیگ پر بنائے گئے تمام کیسز جھوٹے تھے۔
خبر کے مطابق عمران خان نے خط میں لکھا کہ نواز شریف سے اپنی الزام تراشیوں اور گستاخیوں کی معافی مانگتا ہوں، خط کے مطابق عمران خان نے یہ بھی اعتراف کیا کہ انہوں نے قوم کے بچوں کی غلط تربیت کی اور ان کے ذہنوں میں زہر بھرا۔
وائرل خبر ویڈیو پیکج کی شکل میں ہے جس میں جیو نیوز کے گرافکس استعمال کیے گئے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا عمران خان نے نواز شریف کو ایسا کوئی خط نہیں لکھا، یہ ویڈیو جعلی ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق حال ہی میں پی ٹی آئی کے ایک سابق رہنما جاوید بدر نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کو خط لکھ کر ان سے معافی مانگی تھی۔
جاوید بدر کے اس خط کی خبر سوشل اور مین اسٹریم میڈیا پر چلی، اور بعدازاں جیو نیوز کے اس ویڈیو پیکیج میں ایڈیٹنگ کرکے کہا جارہا ہے کہ عمران خان نے نواز شریف سے معافی مانگی ہے، جس میں کوئی حقیقت نہیں۔
نتائج:۔ عمران خان نے نواز شریف کو کوئی خط نہیں لکھا نہ ہی معافی مانگی ہے۔