spot_img

فیکٹ چیک: کیا ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان سویٹ ہوم کی بچیوں کو شیلڈز دینے سے انکار کیا؟

معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں، اپنے دورے کے دوران وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں لیکچرز دیں گے۔

ذاکر نائیک نے اس سے قبل وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سمیت کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کی ہیں، جبکہ کچھ تقریبات میں بھی شرکت کی ہے۔

دو روز قبل ذاکر نائیک نے پاکستان سویٹ ہوم کی ایک تقریب میں شرکت کی جو نجی ہوٹل میں ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی ایک ویڈیو گردش کررہی ہے، جس پر مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک تقریب کے دوران اسٹیج سے چلے جاتے ہیں، جس کی بنیاد پر سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ جب مذہبی اسکالر کو یہ کہا گیا کہ وہ پاکستان سویٹ ہوم کی بچیوں کو شیلڈز دیں تو انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ یہ میرے لیے نامحرم ہیں اس لیے شیلڈز نہیں دے سکتا اور اس کے ساتھ ہی تقریب چھوڑ کر چلے گئے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے حوالے سے کیا جانے والا دعویٰ درست نہیں، انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ وہ بچیوں کو شیلڈز نہیں دیں گے۔

فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق ڈاکٹر ذاکر نائیک بہت مختصر وقت کے لیے تقریب میں شریک ہوئے تھے، تاہم ان کے تقریب میں پہنچنے کے بعد کچھ ڈاکیومنٹریز چلائی گئیں جس کے باعث زیادہ ٹائم صرف ہوگیا۔

بعد ازاں ڈاکٹر ذاکر نائیک تقریب ختم ہوتے ہی وہاں سے نکل گئے، کیونکہ ان کو کسی دوسری جگہ پر پہنچنا تھا، اور وہ کہیں بھی ٹائم پر پہنچنے کے پابند ہیں، اس لیے سوشل میڈیا پر ان کے حوالے سے کیا جانے والا دعویٰ درست نہیں، یہ فیک نیوز ہے۔

اس خبر کے فیک ہونے کا ایک ثبوت یہ بھی ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کو بھی شیلڈز نہیں دیں، کیونکہ ان کے پاس وقت ہی نہیں تھا۔

نتائج:۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے پاکستان سویٹ ہوم کی بچیوں کو شیلڈز دینے سے انکار نہیں کیا، نہ ہی اس بنیاد پر تقریب ادھوری چھوڑ کرگئے۔

Author

تازہ ترین