ملک میں ان دنوں سورج آگ برسا رہا ہے اور گرمی کی شدت نے شہریوں کو نڈھال کردیا ہے، شدید گرمی کی وجہ سے کراچی کے سرد خانوں میں میتوں کا رش بھی بڑھ گیا ہے۔
غیرمعمولی حالات میں ہمیشہ غلط خبریں بھی سامنے آتی ہیں، مگر جدید دور میں چونکہ سوشل میڈیا صارفین خبر کی تصدیق نہیں کرتے، بس دھڑا دھڑ شیئرنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، اور یہ صورتحال عام لوگوں کے لیے پریشان کن ہوتی ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی کے حوالے سے بھی ایک ایسی ہی خبر سامنے آئی کہ گرمی کی شدت سے ایک ہی گلی میں 14 افراد انتقال کرگئے ہیں۔
خبر جونہی سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی تو لوگوں نے اسے دھڑا دھڑ شیئر کرنا شروع کردیا، بغیر تصدیق خبر وائرل ہونے پر لوگوں میں خوف و ہراس بھی پھیل گیا۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی کہ کیا واقعی گرمی سے ایک ہی گلی میں 14 افراد کا انتقال ہوا ہے تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
دوسری جانب پولیس اور اسپتال کے حکام نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ ایک ہی گلی میں گرمی سے 14 افراد کا انتقال ہوا۔