spot_img

چین نے سی پیک سے متعلق گارڈین کی رپورٹ کو جھوٹا قرار دے دیا

چین کے پاکستان میں سفارتخانے کی جانب سے برطانوی اخبار گارڈین کے سی پیک سے متعلق دعوے کو مسترد کردیا گیا۔

سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اخبار میں ایک چینی سفارت کار کا چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق بیان جھوٹا ہے۔

بیان کے مطابق گارڈین کی رپورٹ میں چینی سفارتکار کے بیانات کا حوالہ دیا گیا ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

سفارتخانے نے کہاکہ اخبار کی رپورٹ میں جو بیانات استعمال کیے گئے وہ غیر معتبر ہیں۔ اخبار کی رپورٹ میں پیشہ ورانہ اخلاقیات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

چینی سفارتخانے نے گارڈین کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے صوبہ بلوچستان میں حالیہ مہینوں میں ہونے والی ترقیاتی کوششوں کی تفصیلات سامنے رکھیں۔

سفارتخانے نے کہاکہ چین کی جانب سے ہمیشہ گوادر پورٹ کی تعمیر اور بلوچستان کی ترقی کی حمایت کی گئی ہے۔ گزشتہ برس مارچ میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے چین نے ہنگامی طور پر ایک لاکھ ڈالر کی نقد امداد فراہم کی۔

چینی سفارتخانے نے مزید کہاکہ چین نے بلوچستان میں 10 ہزار سولر لائٹنگ کا سامان تقسیم کیا، اس کے علاوہ گوادر چین پاکستان دوستی اسپتال اور گوادر میں پانی کی کمی کو حل کرنے کے لیے پلانٹ کا افتتاح بھی کیا۔

بیان کے مطابق بلوچستان سے ایک میڈیا وفد کو چین بھیجا گیا، اس کے علاوہ 20 ہزار ہیلتھ کٹس بھی صوبے میں تقسیم کی گئیں۔

سفارتخانے نے کہاکہ نیا گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد نومبر 2024 میں گوادر کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے وفود کو چین بھیجا گیا۔

سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہاکہ بلوچستان یونیورسٹی، سردار بہادر خان یونیورسٹی اور گوادر یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے ’چینی سفیر سکالرشپس‘ جلد جاری کی جائیں گی۔

سفارتخانے نے کہاکہ یہ ٹھوس کامیابیاں گوادر اور بلوچستان کی ترقی کے لیے چین کے عزم اور اعتماد کی نمائندگی کرتی ہیں۔

واضح رہے کہ برطانوی اخبار گارڈین نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد میں چین کے سیاسی سیکریٹری وانگ شن جیے نے سی پیک منصوبوں کے حوالے سے پاکستانی حکومت پر جھوٹے بیانات دینے کا الزام لگایا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شن جیے نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی طرح بیانات نہیں دیتے، ہم صرف ترقی پر توجہ دیتے ہیں۔ اگر سکیورٹی کی یہی صورت حال برقرار رہی تو یہ ترقی کو روک دے گی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چینی عہدیدار نے سیکیورٹی چیلنجز کی وجہ سے سی پیک کے مستقبل کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ گوادر اور بلوچستان میں چینیوں کے خلاف نفرت پھیل رہی ہے۔

Author

تازہ ترین