جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سے منسوب ایک مبینہ آڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں وہ کراچی میں نکالی گئی ریلی میں پیسے دے کر لوگوں کو لانے کا کہہ رہے ہیں۔
جماعت اسلامی نے یکم فروری کو کراچی میں ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا جس سے امیر جماعت حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے 14 فروری کو سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل مبینہ آڈیو میں حافظ نعیم الرحمان لوگوں کو لالچ دے کر اکٹھا کرنے اور پیسے تقسیم کرنے کی ہدایات دے رہے ہیں۔
کہاں رہ گئے ہو؟ لوگ کیوں نہیں پہنچے؟ سب کو ایک ہزار دو اور لے آؤ۔
امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان آڈیو کی لیک۔ pic.twitter.com/ZZ8Bn0VJ6t— khawaja syed ppp uk (HR)🇱🇾🇬🇧🇵🇰president uk (@KhawajaSyed) February 1, 2026
آڈیو میں مراد علی شاہ اور مرتضیٰ وہاب کے خلاف تقریر کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ آڈیو میں مبینہ طور پر یہ الفاظ شامل ہیں کہ لوگوں کو ہزار ہزار روپے دے کر لے آؤ۔ اور منعم کو پیسے دے دیے گئے ہیں۔
فیکٹ پلس کی جانب سے کی گئی تفصیلی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مذکورہ آڈیو تکنیکی اور مواد کے اعتبار سے مشکوک ہے اور اس میں ردوبدل کے واضح شواہد موجود ہیں۔
تحقیق کے مطابق آڈیو میں آواز کی ساخت، جملوں کا تسلسل اور پسِ منظر کی آوازیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ اسے جوڑ کر تیار کیا گیا ہے۔
فیکٹ پلس کا کہنا ہے کہ آڈیو کے مستند ہونے کا کوئی قابلِ اعتماد ثبوت موجود نہیں، جبکہ اسے کسی مصدقہ ذریعے سے جاری بھی نہیں کیا گیا۔
تحقیق میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر اس آڈیو کو سیاسی مقصد کے تحت پھیلایا جا رہا ہے تاکہ غلط فہمی اور اشتعال پیدا کیا جا سکے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے بھی مبینہ آڈیو کو فیک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین کی جانب سے ایسے ہتھکنڈے اپنائے جا رہے ہیں۔
نتائج:۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی وائرل آڈیو فیک ہے۔

