سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور مبینہ طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ مجھے اس بات کی سمجھ نہیں آرہی، لوگ صوبے میں سیلاب کا ذمہ دار مجھے کیوں ٹھہرا رہے ہیں۔ میں نے تو صرف صوبے کے درخت کاٹ کر ٹمبر مافیا کو بیچے اور پیسے کمائے، اس کے علاوہ کوئی جرم تو نہیں کیا۔ اور اب عوام کو بھی تو ایک ایک ہزار روپے تھما رہا ہوں۔ اب ان کو وزیراعلیٰ کی کرسی پر تو نہیں بٹھا سکتا۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں، بلکہ کچھ نیوز پیجز سے بھی یہ ویڈیو شیئر ہورہی ہے۔ نیشنل وائس نامی ایک نیوز پیج نے اس ویڈیو کو فیس بک پر شیئر کیا۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو پر مختلف تبصرے کررہے ہیں، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کے نشتر برسائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے درختوں کی کٹائی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں۔ اور صحافیوں سمیت دیگر مکاتب فکر کے لوگ اسے حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے سیلاب کی وجہ درختوں کی کٹائی کو ہی قرار دے رہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی مبینہ ویڈیو کے حوالے سے تحقیق کی تو معلوم یہ اے آئی جنریٹڈ ویڈیو ہے، وزیراعلیٰ نے ایسی کوئی گفتگو نہیں کی، جس میں انہوں نے صوبے کے درخت کاٹ کر ٹمبر مافیا کو بیچنے کا بیان دیا ہو۔
فیکٹ پلس کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبے کے سیلاب سے متاثر ہونے والے عوام کی بحالی کے لیے ہرممکن اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب قدرت کی طرف سے آزمائش ہے، متاثرین سیلاب کو نئی بستیاں قائم کرکے دیں گے، اور بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
نتائج:۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا کہ وہ خیبرپختونخوا کے درخت بیچ کر ٹمبر مافیا کو بیچنے کا اعتراف کرتے ہیں، یہ ویڈیو اے آئی جنریٹڈ ہے۔

