پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما علی محمد خان کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ ‘ایکس’ پر ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا گیا ہے جس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان ایک عالمی تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم کو نظرانداز کر کے واپس اپنی نشست پر بیٹھ گئے۔
فیکٹ چیک کی جانب سے اس ویڈیو کا فیکٹ چیک کیا گیا۔ جس میں سب سے پہلے ویڈیو کلپ کو یوٹیوب پر سرچ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے انیسویں اجلاس کی افتتاحی تقریب کی ہے۔ جو 13 جون 2019 کو کرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقد ہوئی تھی۔
پی ٹی آئی کے ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر یہی ویڈیو 13 جون 2019 کو پوسٹ کی گئی
یہی ویڈیو پاکستان تحریک انصاف آفیشل کے ‘ایکس’ اکاؤنٹ پر 13 جون 2019 کو پوسٹ کی گئی تھی جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان ہال میں داخل ہوتے ہی سیدھا اپنی نشست پر جاکر بیٹھ جاتے ہیں جبکہ وہاں موجود دیگر شرکا عالمی رہنماؤں کے استقبال کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔ جیسے ہی عمران خان کو اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے تو وہ تھوڑی دیر کے لیے کھڑے ہوتے ہیں اور پھر واپس اپنی نشست پربیٹھ جاتے ہیں۔
Prime Minister of #Pakistan @ImranKhanPTI's Arrival with other World Leaders at Invitation of President of Kyrgyzstan for Opening Ceremony 19th Meeting of the Council of the Heads of State of the Shanghai Cooperation Organization in Bishkek Kyrgyzstan (13.06.19)#SCOSummit2019 pic.twitter.com/fYdKYN3Fv7
— PTI (@PTIofficial) June 13, 2019
اسی دوران روس کے صدر پیوٹن ہال میں داخل ہوتے ہیں جن کا واضح طور پر نام لے کر اعلان کیا جاتا ہے۔ جس سے یہ معلوم ہوا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو نظرانداز کرنے کا دعویٰ درست نہیں ہے۔
جبکہ دوسری جانب جب اسرائیلی وزیراعظم کی تقریب میں موجودگی کے حوالے سے شنگھائی تنظیم تعاون کی ویب سائٹ پر ممبران کے حوالے سے وزٹ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ اس کے ممبران میں اسرائیل کا نام شامل ہی نہیں ہے۔ اس لیے یہ دعویٰ کہ اسرائیلی وزیراعظم تقریب میں موجود تھے یہ جھوٹ ہے۔