سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ’ایکس‘ اور فیس بک پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک خاتون موٹروے پولیس کی جانب سے روکنے پر بدتمیزی کرتے ہوئے اہلکار پر گاڑی چڑھا دیتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین دھڑا دھڑ اس ویڈیو کو شیئر کررہے ہیں اور استفسار کررہے ہیں یہ واقعہ کہاں پر پیش آیا اور خاتون کون ہے۔
با اثر خاتون نے اوور سپیڈنگ پر روکنے اور چالان کرنے پر ٹریفک وارڈن پر گاڑی چڑھا دی۔
اس گھٹیا عورت گرفتار ہونے تک ریٹویٹ کرتے رہیں شکریہ۔@MaryamNSharif@TararAttaullah @OfficialDPRPP pic.twitter.com/yxGZZ98pPZ
— Imran Bilal (@MrImranPk) April 22, 2024
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ واقعہ جنوری 2024 میں پیش آیا تھا۔ جب اسلام آباد ٹول پلازہ پر موٹروے پولیس کی جانب سے ایک کار سوار خاتون کو روک کر پوچھ گچھ کی گئی۔
’خاتون نے اپنی شناخت کرانے کے بجائے بدتمیزی کی، جب ایک اہلکار گاڑی کے آگے سے نہ ہٹا تو خاتون نے گاڑی اس کے اوپر چڑھانے کی کوشش مگر وہ خوش قسمتی سے بچ گیا تاہم زخمی ہوگیا‘۔
دوسری جانب اس معاملے پر موٹروے پولیس کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے بھی تصدیق کی ہے کہ یہ واقعہ جنوری 2024 میں پیش آیا تھا جس کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ نصیر آباد میں درج ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہاکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔