چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ کچے کے ڈاکو کوئٹہ تک پہنچ گئے ہیں۔
شہر کے نواحی علاقے ہزارہ ٹاؤن کے رہائشی اور مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے رکن ایگزیکٹیو کمیٹی کاشف حیدری نے فیکٹ پلس سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بائی پاس روڈ کے ساتھ منسلک اور محکمہ جنگلات کے زیر انتظام کرخسہ پارک کے اطراف میں آئے روز چوری، ڈکیتی اور راہ زنی کے واقعات رونما ہورہے ہیں جس سے علاقہ مکین پریشان ہوکر رہ گئے ہیں۔ جبکہ انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔
کاشف حیدری کے مطابق گزشتہ روز کچے کے ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا تھا۔ کچے کے ڈاکوؤں کی شہر میں موجودگی کی وجہ سے لوگوں میں خوف و ہراس بڑھ گیا ہے لیکن نہ تو پولیس اور نہ ہی انتظامیہ اس پر کوئی ایکشن لے رہی ہے۔
کچے کے ڈاکوؤں کی شہر میں موجودگی سے متعلق فیکٹ پلس سے بات کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ جواد طارق نے بتایا کہ کوئٹہ شہر میں کچے کے ڈاکوؤں کی موجودگی سے متعلق کوئی اطلاعات نہیں، سوشل میڈیا پر ایسی خبریں پھیلا کر عوام کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔