سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے 26 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے دوران سانپ نکل آیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سانپ اسٹیڈیم کی باؤنڈری وال کے پاس موجود ہے، سوشل میڈیا صارفین دعویٰ کررہے ہیں کہ چیمپیئنز ٹرافی کے 26 فروری کو ہونے والے میچ کے دوران قذافی اسٹیڈیم لاہور میں سانپ نکل آیا تھا۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں سانپ آگیا۔۔۔
یہ انڈین چوہے خور سانپ (Oriental Indian Rat Snake) ہے۔
یہ مکمل طور پر غیر زہریلا سانپ ہے۔ اس کا ائنسی نام #Ptyas mucosa ہے اور اس کا تعلق سانپ کے خاندان #Colubridae سے ہے۔
ماہرین کے مطابق اکثر لوگ اس سانپ میں اور کوبرا میں فرق نہیں کر پاتے ۔… pic.twitter.com/vNtHn505ST— Shiraz Hassan (@ShirazHassan) February 26, 2025
واضح رہے کہ 26 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں افغانستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ کھیلا گیا تھا۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے، گردش کرنے والی ویڈیو پاکستان کی نہیں۔
فیکٹ پلس کے مطابق یہ ویڈیو سری لنکا کی ہے جو ایک کرکٹ میچ کے دوران ریکارڈ کی گئی۔
فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق 12 اگست 2023 کو سری لنکا پریمیئر لیگ کے دوران ہونے والے میچ میں گراؤنڈ میں سانپ نکل آیا تھا اور یہ ویڈیو اس وقت ریکارڈ کی گئی۔
نتائج:۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کرکٹ میچ کے دوران سانپ نکل آنے کی خبر درست نہیں، یہ فیک نیوز ہے، زیر گردش ویڈیو سری لنکا کی ہے۔