پاکستان بھارت جنگ کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران مشہور ہونے والے ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ حکومت نے انہیں برطرف کردیا ہے۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد اس وقت مشہور ہوئے جب پاک بھارت جنگ کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے فضائیہ اور بحریہ کے افسران کے ساتھ پریس بریفنگ دی۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں دشمن کے خلاف 0-6 سے کامیابی ملی ہے۔ ’ہم نے بھارت کے 6 جہاز گرائے جبکہ ہمارے کسی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا۔‘
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کی یہ بریفنگ عوام کو ایسی بہائی کہ عوام ان پر فدا نظر آئی، اور لڑکیوں نے تو ان کو اپنا کرش قرار دیتے ہوئے کہاکہ آپ پلیز مہینے میں ایک آدھ بار بریفنگ دینے ضرور آیا کریں۔
اب سوشل میڈیا پر اورنگزیب احمد کی برطرفی کی خبر گردش کررہی ہے، اور صارفین اس حوالے سے ایک مبینہ نوٹیفکیشن کو بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں، اس نوٹیفکیشن کو زیادہ تر بھارتی صارفین کی جانب سے شیئر کیا جارہا ہے، اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا بھی کیا جارہا ہے۔
PAF Aurangzeb Ahmed https://t.co/JaUhoH6DA0 per Sources .#CeasefireViolation #PakistanIsATerrorState #PakistanArmyBehindPahalgam pic.twitter.com/ug9iAIPUlR
— Piyush Parmar (@PiyushP82328648) May 14, 2025
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو برطرف کرنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق اس حوالے سے وزارت دفاع کی ویب سائٹ پر بھی کوئی نوٹیفکیشن موجود نہیں۔ جبکہ وزارت دفاع کی پبلک ریلیشنز آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی ہے۔
نتائج:۔ ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو عہدے سے برطرف کرنے کی خبر میں کوئی حقیقت نہیں۔