spot_img

فیکٹ پلس: کیا پی ٹی آئی اور عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے شیخ مجیب کے حوالے سے شیئر ویڈیو ڈیلیٹ کردی گئی؟

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو قید میں ایک سال مکمل ہوگیا ہے، سابق وزیراعظم ماضی میں فوج کے خلاف سخت بیانیہ رکھتے رہے تاہم حال ہی میں انہوں نے فوج کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ ہے اصل طاقت چونکہ ان کے پاس ہے اس لیے حکومت سے مذاکرات کا فائدہ نہیں۔

2022 میں اقتدار جانے کے بعد عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو نشانے پر رکھا، اور حکومت سے نکالے جانے کا ذمہ دار جنرل باجوہ کو قرار دیا۔

گزشتہ برس 5 اگست کو گرفتاری کے بعد بھی عمران خان جہاں جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہیں، وہیں ان کا ٹوئٹر ہینڈل بھی چلایا جارہا ہے، اور ان کی ہدایات کے مطابق پوسٹس شیئر کی جاتی ہیں۔

عمران خان نے جہاں اسٹیبلشمنٹ کے خلاف دیگر پوسٹیں شیئر کیں وہیں  26 مئی کو عمران خان کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں1971 کے تناظر میں شیخ مجیب الرحمان کو ہیرو کے طور پر پیش کیا گیا، مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی، اور اس پر ایک نئی بحث بھی چھڑ گئی۔

اب جب سے عمران خان نے فوج کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے تو پی ٹی آئی کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ عمران خان نے وہ ویڈیو ایکس اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردی ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ ویڈیو پی ٹی آئی اور عمران خان کے ایکس ہینڈل پر موجود ہے، اور ڈیلیٹ نہیں کی گئی۔

نتائج:۔ پی ٹی آئی اور عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان کے حوالے سے شیئر کی گئی ویڈیو ڈیلیٹ نہیں کی گئی۔

Author

تازہ ترین