spot_img

فیکٹ چیک: کیا قلم کے نشانات والے کرنسی نوٹ 30 جون کے بعد قابل استعمال نہیں رہیں گے؟

کچھ روز سے میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ جن کرنسی نوٹوں پر قلم سے لکھائی کی گئی ہے وہ 30 جون کے بعد قابل استعمال نہیں رہیں گے، لہٰذا اس سے قبل اسٹیٹ بینک کی کسی بھی برانچ سے ایسے نوٹ تبدیل کرا لیے جائیں۔

مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا پر خبر سامنے آنے کے بعد شہری اپنے پاس موجود کرنسی نوٹ چیک کررہے ہیں، کہ کہیں ان کے پاس تو کوئی ایسا نوٹ نہیں جس پر قلم سے کچھ لکھا گیا ہو۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ اسٹیٹ بینک نے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں، اس حوالے سے خبریں من گھڑت ہیں۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بھی ایسے تمام دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔

مرکزی بینک نے ایسی رپورٹوں کو غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے ترجمان نور احمد نے واضح کیا کہ مرکزی بینک نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

ترجمان نے مزید کہاکہ کرنسی نوٹ قومی اثاثہ ہیں اور ان کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں احتیاط سے ہینڈل کیا جانا چاہیے تاہم قلم کے نشان والے نوٹوں کے استعمال پر پابندی کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔

نتائج:۔ اسٹیٹ بینک نے قلم کے نشان والے کرنسی نوٹوں پر پابندی عائد نہیں کی، ایسی خبریں فیک نیوز ہیں۔

Author

تازہ ترین