ملک میں کچھ ہفتوں سے انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، تاہم دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک میسج گردش کررہا ہے جس میں بتایا جارہا ہے کہ پاکستان میں 2 سے 3 روز تک اے ٹی ایم سروسز بند رہیں گی۔
اس کے علاوہ میسج میں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ان دنوں میں آن لائن ٹرانزیکشنز نہ کی جائیں، جبکہ ’ڈانس آف دا ہیلری‘ والی ویڈیو کا لنک بھی نہ کھولا جائے، کیونکہ اس سے موبائل میں وائرس آسکتا ہے۔
فیکٹ پلس نے اس میسج کے حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ ایک افواہ ہے اور ایسا ہی ایک میسج 2016 میں بھی وائرل ہوا تھا۔
’کسی بھی ادارے کی جانب سے اے ٹی ایم سروسز بند ہونے کی ہدایات جاری نہیں کی گئیں، صارفین اس حوالے سے بے فکر رہیں‘۔
تاہم یہ خیال رہے کہ آن لائن ٹرانزیکشنز ہمیشہ ہی انتہائی محتاط طریقے سے کرنی چاہییں، اور کسی انجان لنک پر کلک نہیں کرنا چاہیے، اور اگر کبھی کوئی آپ کو بینک کا نمائندہ بن کر فون کرے تو اسے اپنی معلومات بالکل بھی نہ دیں، کیونکہ ایسا کرنے سے آپ مالی نقصان اٹھا سکتے ہیں، بینک کبھی بھی آپ کو ایسی کال نہیں کرتا۔
نتائج:۔ ملک میں اے ٹی ایم سروسز کی بندش اور آن لائن ٹرانزیکشنز سے خبردار کرنے سے متعلق وائرل میسج جعلی ہے۔