سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیو ویکسین کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ ویکسین بچوں کے لیے نقصان دہ ہے، اس پیغام کو وائرل کرنے والے والدین کو مشورہ دے رہے ہیں کہ اپنے بچوں کو اس ویکسین سے محفوظ رکھا جائے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کچھ بچے اس وقت بیمار ہوگئے جب ان کو پولیو ویکسین دی گئی، اس کے علاوہ واٹس ایپ گروپس میں بھی اس طرح کا ایک پیغام گردش کررہا ہے۔
ایک ایکس صارف نے 2 مختصر ویڈیوز پوسٹ کیں جن میں خیبر ضلع میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے بعد بیمار ہوتے دکھایا گیا، اس پوسٹ میں پولیو ویکسین کے معیار پر سوال اٹھایا گیا ہے۔
باڑہ خیبر: اسکول میں پولیو ڈراپ دینے سے بچوں کی حالت خراب
باڑہ خیبر کے ایک اسکول میں پولیو کے قطرے پلانےکے بعد بچوں کی حالت بگڑنے کے واقعات نے والدین اور مقامی عوام میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ یہ واقعہ نہ صرف صحت کے نظام پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے بلکہ حکومتی غفلت اور… pic.twitter.com/ILAk4zIooP— Saleem zeb Afridi (@SaleemzebAf) December 9, 2024
اس کے علاوہ واٹس ایپ گروپوں میں ایک اور پیغام بھی گردش کررہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں بچوں میں پولیو کے انفیکشن کا سبب پولیو کے قطروں والی (oral) ویکسین (OPV) بن رہی ہے۔ اس پیغام میں والدین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ پولیو کے قطرے پلانے کی بجائے پولیو کے انجیکشن (IPV) کو ترجیح دیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ان دعوؤں کے بعد والدین ذہنی تناؤ کا شکار ہیں آیا ایسی صورت حال میں انہیں کیا کرنا چاہیے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ حقیقت کیا ہے تو معلوم ہوا کہ یہ دونوں دعوے حقائق کے برعکس ہیں۔
فیکٹ پلس کے مطابق سوشل میڈیا پر جن بچوں کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ پولیو کی ویکسین دیے جانے کے بعد بیمار ہوئے وہ دراصل نہار منہ پیٹ کے کیڑے مارنے والی گولیاں لینے کے بعد بیمار ہوئے۔
خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے آفیسر تعلقات عامہ عطا اللہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے نومبر میں کیڑے مار گولیوں کی مہم چلائی تھی۔ ویڈیو میں دکھائے گئے بچوں کا تعلق ضلع خیبر کے علاقے جمرود سے تھا، انہوں نے ناشتے کے بغیر کیڑے مار گولیاں کھائیں، جس کی وجہ سے وہ بیمار ہوگئے۔
فیکٹ پلس کے مطابق یہ دعویٰ بھی غلط ہے کہ پولیو کے انفیکشن کا سبب پولیو کے قطروں والی (oral) ویکسین (OPV) بن رہی ہے۔
ماہرین صحت نے بتایا کہ اورل پولیو ویکسین(OPV) اور انجیکٹ ایبل پولیو ویکسین (IPV) دونوں بچوں کو پولیو سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
نتائج:۔ پولیو ویکسین کے بچوں کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر مبنی وائرل ویڈیوز اور واٹس ایپ پیغامات خلاف حقائق ہیں۔