spot_img

فیکٹ چیک: ایزی پیسہ اکاؤنٹس میں پڑی رقم غیرمحفوظ ہونے کی خبریں، حقیقت کیا ہے؟

کچھ روز سے سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ ایزی پیسہ اکاؤنٹس (ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک) میں صارفین کی رقم غیر محفوظ ہے۔

وائرل خبر میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی وقت اکاؤنٹس بند کیے جاسکتے ہیں، اور ایسی صورت میں رقم واپس ملنے کے بھی کوئی چانسز نہیں ہوں گے۔

سوشل میڈیا پر پھیلنے والی خبر میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایزی پیسا کا بڑا فراڈ پکڑا ہے، جس کے مطابق موبائل سم کسی اور کے نام پر ہوتی ہے، جبکہ اکاؤنٹ کسی اور کے نام پر بن جاتا ہے، جس کے باعث اسٹیٹ بینک ایزی پیسا کو بلاک کرنے جارہا ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ اس سے قبل بھی ایزی پیسا اکاؤنٹس کی بندش کے حوالے سے خبریں پھیلائی گئی تھیں جس کے بعد کمپنی نے اپنا وضاحتی بیان جاری کیا تھا۔

تحقیق کے مطابق اب ایک بار پھر کمپنی نے واضح کیا ہے کہ ٹیلی نار مائیکر و فنانس بینک اور ایزی پیسہ اکاؤنٹس کی بندش کی خبریں من گھڑت ہیں، صارفین ان پر کان نہ دھریں۔

فیکٹ پلس کے مطابق ابھی تک اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایسے کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے۔ ایسے معاملات میں اگر کوئی کارروائی کرنا مقصود ہوتو اس سے قبل صارفین کو اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ اپنا سرمایہ محفوظ کرلیں۔

نتائج:۔ ایزی پیسہ اکاؤنٹس کی بندش کے حوالے سے پھیلائی گئی خبریں فیک نیوز کے زمرے میں آتی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

Author

تازہ ترین