وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقریر کا ایک حصہ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے، جس میں وہ بجلی کے بلوں میں 2 ماہ کے لیے دیے گئے ریلیف کے حوالے سے کہہ رہی ہیں کہ یہ شارٹ ٹرم ریلیف نہیں۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے 201 سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا ہے جو 2 ماہ کے لیے ہے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے عوام کو بجلی بلوں پر دیے گئے ریلیف کے بعد کچھ اہم شخصیات نے یہ اعتراض بھی کیاکہ پورے ملک کے عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر جب پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو بجلی بلوں پر دیے گئے ریلیف پر بحث چل پڑی تو اسی دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تقریر کا ایک حصہ تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں وہ کہہ رہی ہیں کہ یہ شارٹ ٹرم ریلیف نہیں۔ ’اس میں تاثر یہ دیا جارہا ہے کہ شاید مریم نواز کو شارٹ ٹرم ریلیف کا مطلب ہی معلوم نہیں یا وہ 2 ماہ کو شارٹ ٹرم نہیں سمجھتیں‘۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا ہے کہ مریم نواز کی تقریر کا ایک حصہ کٹ کرکے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، دراصل ان کی تقریر کا دیگر حصہ بھی سنا جائے تو وہ یہ کہتے ہوئے سنائی دیتی ہیں کہ پنجاب حکومت نے بجلی کے بلوں میں 2 ماہ کا ریلیف دیا ہے، اسے شارٹ ٹرم نہ کہا جائے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ہم اس کے بعد بہت بڑا سولر پروگرام لا رہے ہیں، جو ہمیشہ کے لیے عوام کو بجلوں کے بلوں سے نجات دلائے گا۔
اور میں بہت سن رہی ہوں ٹی وی پر کے یہ شارٹ ٹرم ریلیف ہے، یہ شارٹ ٹرم ریلیف نہیں بلکہ 2 ماہ کا ریلیف ہے اس کے بعد ہم سولر سسٹم لا رہے ہیں. وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف@MaryamNSharif 👍 pic.twitter.com/LgnJKLNY5o
— MASOOD_SIDDIQUI (@masoodsiddiqui7) August 21, 2024
نتائج:۔ مریم نواز کی تقریر کا ایک حصہ لے کر سوشل میڈیا پر تنقید کی جارہی ہے کہ انہیں شارٹ ٹرم کا مطلب ہی معلوم نہیں یا وہ 2 ماہ کے ریلیف کو شارٹ ٹرم نہیں سمجھتیں، یہ پروپیگنڈا ہے، ان کی پوری تقریر سننے سے حقیقت معلوم ہوتی ہے کہ وہ یہ کہہ رہی ہیں کہ ہم نے 2 ماہ کے لیے بجلی کے بلوں میں ریلیف دے دیا ہے، اور اس کے بعد ایک بڑا سولر پوگرام لا رہے ہیں۔