سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن سے قبل ایک انٹرویو میں عمران خان کی حمایت کی۔
سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ مبینہ طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ میرے پاکستانی امریکو دوستو، میرا وعدہ ہے کہ اگر میں الیکشن میں کامیاب ہوگیا تو عمران خان کو جیل سے نکالنے کی پوری کوشش کروں گا۔
اس ویڈیو سے بہت سے لوگوں کو تکلیف ہے
جس میں ٹرمپ کہتے ہے عمران خان میرا دوست ہے، اور اگر میں یہ الیکشن جیتا ہوں تو میں اس کی مدد کروں گا اور اسے جیل سے باہر نکالنے میں اپنا کردار ادا کروں گا 🔥 pic.twitter.com/3RbswgUNAk
— Imran Riaz Khan 𝓯𝓪𝓷𝓼 (@iimranrizkhan) November 6, 2024
مبینہ ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ مزید کہتے ہیں کہ عمران خان میرا دوست ہے اور میں اس سے پیار کرتا ہوں، میں دوبارہ حکومت سنبھالنے کے لیے بھی اس کی حمایت کروں گا، اور ہم اپنے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور ویڈیو کی حقیقیت جاننے کے لیے ماہرین سے رابطہ کیا تو معلوم ہے کہ یہ ’اے آئی‘ کی مدد سے تیار کردہ فیک ویڈیو ہے، ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی الیکشن سے قبل ایسا کوئی انٹرویو نہیں دیا جس میں انہوں نے عمران خان کا نام لے کر ان کی حمایت کی ہو۔
فیکٹ پلس کے مطابق اے آئی کی مدد سے تیار کی گئی ویڈیو میں ڈونلڈ ٹرمپ کے جیسی آواز کو ان کی تصویر کے ساتھ مکس کیا گیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے یہ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ اب وہ عمران خان کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں گے، تاہم اس حوالے سے کوئی بھی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے۔
نتائج:۔ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن سے قبل عمران خان کے حق میں کوئی انٹرویو نہیں دیا، سوشل میڈیا پر زیرگردش ویڈیو اے آئی کی مدد سے تیار کی گئی ہے، جو فیک ہے۔