سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ جو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول تھا، ملتان منتقل کردیا گیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے، جن میں 2 میچز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے ہیں، جبکہ تیسرا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔
اس سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک میچ ہوچکا ہے جس میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ بھی کل سے ملتان کے کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔
’فیکٹ پلس‘ نے اس حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ کیا واقعی پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سے ملتان منتقل کردیا گیا ہے تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کی راولپنڈی سے ملتان منتقلی کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔
ترجمان پی سی بی نے کہاکہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں ہی ہوگا۔