spot_img

فیکٹ چیک: سوزوکی مہران کا 2025 ماڈل آنے کی خبریں، حقیقت کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ سوزوکی کمپنی اپنی مشہور گاڑی مہران کی پروڈکشن دوبارہ شروع کرنے جارہی ہے۔

سوشل میڈیا پر کیے گئے اس دعوے میں گاڑی کی قیمت بھی بتائی گئی ہے، پوسٹ کے مطابق مہران وی ایکس کی قیمت 11 لاکھ 50 ہزار روپے، وی ایکس آر کی قیمت 12 لاکھ 75 ہزار اور وی ایکس ایل کی قیمت 13 لاکھ 99 ہزار روپے ہوگی۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔

سوزوکی مہران کی واپسی کی خبریں اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہیں، سال 2022 میں بھی ایسا ہی ایک دعویٰ کیا گیا تھا جس کے بعد کمپنی نے تردید کی تھی۔

اب ایک بار پھر مہران کی پیداوار شروع ہونے کا دعویٰ سامنے آنے کے بعد سوزوکی کمپنی کے آفیسر نے میڈیا کو بتایا کہ مہران گاڑی کی پروڈکشن دوبارہ شروع کرنے کا کمپنی کا کوئی ارادہ نہیں، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبریں من گھڑت ہیں۔

واضح رہے کہ سوزوکی کمپنی نے 2019 میں مہران گاڑی کی پیداوار بند کردی تھی، جبکہ کچھ عرصہ قبل مشہور گاڑی ہائی روف (کیری ڈبہ) کی پیداوار بھی بند کرتے ہوئے ایوری گاڑی متعارف کرادی ہے۔

نتائج:۔ ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں کہ سوزوکی کمپنی مہران گاڑی کی پیداوار دوبارہ شروع کرنے جارہی ہے، یہ فیک نیوز ہے۔

Author

تازہ ترین