سابق وفاقی وزیر خزانہ و عمران خان کے قریبی ساتھی رہنے والے اسد عمر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبر گردش کررہی ہے کہ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی جوائن کرلی ہے۔
سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہوں نے صدر مملکت و شریک چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی آصف زرداری سے ملاقات کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
*سابق وفاقی وزیر اسدعمر پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل*
*اسد عمر کی آج صدر پاکستان آصف علی زردادی سے ملاقات۔۔*
*اسد عمر کو شمولیت کی دعوت دی اسد عمر نے دعوت قبول کی*
*اسد عمر کل چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔۔*
— ch irfan ali #نون_کا_جنون (@chirfanali6) October 30, 2024
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور اسد عمر کے قریبی ذرائع سے معلوم کیا تو پتا چلا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
دوسری جانب اسد عمر نے بھی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کے حوالے سے خبروں کی تردید کردی ہے۔
اسد عمر نے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ وہ کسی دوسری پارٹی میں جانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ فواد چوہدری ان دنوں بہت گولہ باری کررہے ہیں، انہیں ہاتھ ہلکا رکھنے کا مشورہ دوں گا۔
واضح رہے کہ اسد عمر پی ٹی آئی کے دور میں وزیر خزانہ رہ چکے ہیں، تاہم 9 مئی واقعات کے بعد انہوں نے سیاست سے خود کو الگ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔