سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک خبر گردش کررہی ہے کہ حکومت پاکستان نے بیرون ملک سے موبائل لانے پر ٹیکس ختم کردیا ہے اور اس کے علاوہ پی ٹی اے سے تصدیق کی ضرورت بھی نہیں پڑے گی۔
سوشل میڈیا صارفین دھڑا دھڑا اس پوسٹ کو بغیر تحقیق کے شیئر کررہے ہیں اور اوورسیز میں بسنے والوں کو مبارکبادیں دی جارہی ہیں۔
🚨بڑی خوشخبری🚨
بیرون ملک سے موبائل لانے پر پی ٹی اے کا ٹیکس ختم کر دیا گیا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا….
یاد رہے یہ ٹیکس گھڑی چور نے لگایا تھا۔ pic.twitter.com/6UjuQcIFoi
— Danish Masood (@DanishMasood17) May 22, 2024
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ حقیقت کیا ہے۔
فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق حکومت نے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جس کے مطابق بیرون ملک سے لائے جانے والے موبائل پر ٹیکس ختم کرنے کے علاوہ پی ٹی اے کی تصدیق کی پابندی بھی ہٹا دی ہو۔
دوسری جانب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے موبائل فونز پاکستان لانے پر ٹیکس اور اُس کی پی ٹی اے سے تصدیق کی شرط ختم نہیں کی گئی ہے۔
ترجمان پی ٹی اے نے ایک نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ وزیراعظم نے جولائی 2023 سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کے ہر دورہ پاکستان پر ٹیکس فری ہینڈ سیٹ رجسٹریشن (بذریعہ عارضی رجسٹریشن سسٹم) کی 120 دن کے لیے سہولت مہیا کر رکھی ہے۔
ترجمان کے مطابق حکومت نے پی ٹی اے کو ہینڈ سیٹس کی عارضی رجسٹریشن کی سہولت کے علاوہ ان کی رجسٹریشن کے لیے ایف بی آر ٹیکسز کو ہٹانے کے لیے کسی طرح کی کوئی ہدایات جاری نہیں کیں۔