سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے جس میں کہا جارہا ہے کہ پاکستان اپنی شہریت 18 ہزار امریکی ڈالر یا 50 لاکھ پاکستانی روپے میں فروخت کررہا ہے۔
سوشل میڈیا پر یہ خبر سامنے آنے کے بعد صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جارہے ہیں، سوشل میڈیا صارفین حکومت پاکستان کو اس مبینہ فیصلے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ حکومت پاکستان نے غیرملکیوں کو 18 ہزار ڈالرز میں شہریت دینے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، یہ فیک نیوز ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پر وائرل اس خبر پر کہاکہ شہریت دینے اور شہریت کی تنسیخ سے متعلق تمام قوانین وزارتِ داخلہ کے زیرِانتظام ہیں اور وہی اس خبر کی تصدیق یا تردید کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے میڈیا ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ سراسر جعلی خبر ہے اور ایسی کوئی پالیسی یا ترمیم زیرغور بھی نہیں ہے۔
نتائج:۔ یہ خبر درست نہیں کہ پاکستان 18 ہزار ڈالرز کے عوض غیرملکیوں کو شہریت دے رہا ہے۔