پاکستان میں گزشتہ چند ہفتوں سے انٹرنیٹ کی سروسز تعطل کا شکار ہیں جس کی وجہ سے آن لائن کاروبار سے منسلک افراد سمیت فری لانسرز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ملک میں انٹرنیٹ سروسز کے تعطل پر پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی خاموش ہے، تاہم میڈیا رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر قابل اعتراض مواد کو بلاک کرنے کے لیے اداروں کی جانب سے فائر وال لگائی گئی ہے، جس کی وجہ سے انٹرنیٹ سروسز میں مسئلہ آرہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ایک بار فائر وال کی تنصیب کے دوران تجربہ کیا گیا تھا اور اس وقت بھی انٹرنیٹ سروس بھی تعطل آیا تھا۔
ملک میں انٹرنیٹ سروس کے تعطل کے دوران سوشل میڈیا پر فری لانسنگ کے لیے مشہور پلیٹ فارم فائیور پر ایک نوٹ گردش کررہا ہے جس میں پاکستان میں موجود فری لانسرز کی پروفائل پر یہ لکھا گیا کہ ان کے ملک میں انٹرنیٹ کی بندش ہے اس لیے ان کی جانب سے کیا گیا کام تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔
اس نوٹ کو پی ٹی آئی کے ایکس ہینڈل پر بھی شیئر کیا گیا جبکہ متعدد انفلوئنسرز نے بھی اسے شیئر کیا۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ نوٹ گزشتہ ایک سال کے دوران کئی بار فائیور کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش کے دوران پوسٹ کیا گیا، لیکن اس بار انٹرنیٹ کی بندش کے وقت فائیور نے انتباہی نوٹ جاری نہیں کیا۔
نتائج:۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش فائیور کا نوٹ پرانا ہے، حالیہ انٹرنیٹ کے تعطل کے دوران فری لانسرز کی پروفائل پر انتباہی نوٹ جاری نہیں کیا گیا۔