امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ رات پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملاقات کی، جو عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔ تاہم بھارتی میڈیا کو یہ ملاقات ہضم نہیں ہوئی اور بے بنیاد پروپیگنڈا شروع کردیا ہے۔
ملاقات کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میرے لیے اعزاز ہے، ملاقات کے دوران ایران کے حوالے سے بات ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پربات چیت ہورہی ہے، آج فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کا اعزازحاصل ہوا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ کہ وہ جنگ کی طرف نہیں گئے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جنگ روکنے پر شکریہ کے لیے مدعو کیا تھا، پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، کشیدگی ختم ہونا مثبت ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امریکا میں غیرمعمولی اہمیت ملنے پر بھارت میں سوگ کا سماں ہے، اور پاکستان کے خلاف ہمیشہ پروپیگنڈا کرنے والا بھارتی میڈیا ایک بار پھر ملاقات کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات کے حوالے سے بھارت کے انگریزی اخبار ’فرسٹ پوسٹ‘ نے خبر دی ہے کہ صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات میں پاکستان سے اڈے مانگے ہیں، جس کے بدلے مالی و سیکیورٹی امداد اور تجارتی معاہدوں کی پیشکش کی ہے۔
بھارتی اخبار کی اس خبر کو بنیاد بنا کر سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان ملاقات میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔ بھارتی میڈیا کو آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں ہونے والی شکست ہضم نہیں ہورہی اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے فوراً بعد میڈیا سے گفتگو کی، جس میں انہوں نے ملاقات کے چیدہ چیدہ نکات کی وضاحت کی جس میں ایسی کوئی بات شامل نہیں تھی۔
بعد ازاں سیکیورٹی ذرائع نے بھی امریکی صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات سے متعلق تفصیلات جاری کیں۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور پاکستان کی عوام کی جانب سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگ بندی میں مثبت اور نتیجہ خیز کردار ادا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے صدر ٹرمپ کی اقوام عالم کو در پیش متعدد چیلنجز کو سمجھنے اور اُن سے نبرد آزما ہونے کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔
ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ نے پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی کی مد میں جاری تعاون اور خطے میں پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق امریکا اور پاکستان کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون، مائنز اور منرلز، آرٹیفیشیل انٹیلیجینس، انرجی سیکٹر، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بارے میں اتفاق ہوا۔
فیکٹ پلس کے مطابق بھارت کو پاکستان اور امریکا کے درمیان مضبوط ہوتے تعلقات کی بھی شدید تکلیف ہے، اور اس کو یہ سب ہضم نہیں ہورہا، جس کی وجہ سے پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، مگر پاکستان نے آپریشن نے ’بنیان مرصوص‘ کے بعد ایک اور کامیابی حاصل کرلی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے بھی بھارتی میڈیا پر چلنے والی ایسی خبروں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ بھارت کو آپریشن بنیان مرصوص میں ہونے والی شکست ہضم نہیں ہورہی۔