پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے باقاعدہ سیاست میں قدم تو نہیں رکھا لیکن وہ کبھی کبھار سیاسی معاملات پر بات کرتے ہیں جس پر انہیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان دنوں شاہد آفریدی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ٹرولز کے نشانے پر ہیں، اور مختلف اکاؤنٹس سے ان پر تنقید کے نشتر برسائے جارہے ہیں۔
شاہد آفریدی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ اپنے کیریئر میں 470 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ عمران خان پر تنقید کررہے ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران ایک بھی نوبال نہیں کی۔
فیکٹ پلس نے اس دعوے کے حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ شاہد آفریدی اپنے کیریئر کے دوران کتنی بار صفر پر آؤٹ ہوئے تو معلوم ہوا کہ سابق کپتان شاہد آفریدی 44 بار صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ یہ دعویٰ درست ہے کہ عمران خان نے اپنے کیریئر کے دوران کوئی نوبال نہیں کی۔
شاہد آفریدی نے قومی کرکٹ ٹیم کی طرف سے 1996 سے لے کر 2018 تک کھیلا، وہ ایک روزہ کرکٹ سے 2015 جبکہ ٹی20 کرکٹ سے 2018 میں ریٹائرڈ ہوئے۔