سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ خبریں گردش کررہی ہیں کہ یو اے ای نے پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
سوشل میڈیا پر چلنے والی ان خبروں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خصوصاً 40 سال سے کم عمر پاکستانی شہریوں کو اب ویزا نہیں ملے گا۔
ان خبروں کے وائرل ہونے کے بعد ان افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جو بسلسلہ روزگار یو اے ای میں جانے کا سوچ رہے تھے یا جانے کی تیاری میں تھے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے حقائق جاننے کی کوشش کی اور تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
دوسری جانب یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے بھی سوشل میڈیا پر چلنے والی ایسی تمام خبروں کو من گھڑت قرار دیا ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یو اے ای نے پاکستانیوں کے لیے ویزے بند نہیں کیے، ہمارے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ کچھ لوگ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے یو اے ای جاکر غائب ہوجاتے ہیں، یا کام کرنا شروع کردیتے ہیں لیکن اس کے باوجود ویزے بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہاکہ 40 سال سے کم عمر شہریوں کو ویزے نہ دینے کی بات میں بھی کوئی صداقت نہیں۔