spot_img

فیکٹ چیک: کیا حکومت نے مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان کیا ہے؟

سوشل میڈیا پر ایک دعویٰ گردش کررہا ہے کہ حکومت پاکستان نے مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے فری لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کے ساتھ ایک لنک بھی دیا گیا ہے، جس میں کا جارہا ہے کہ تمام لوگ اس لنک پر جاکر لیپ ٹاپ کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں۔

فیک پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ایسی کسی اسکیم کا اعلان نہیں کیا گیا۔

فیکٹ پلس کے مطابق ایسے دعوے سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے فراڈ کرنے والے عناصر لوگوں کے جذبات سے کھیلتے ہوئے ان کو مالی نقصان پہنچاتے ہیں۔

فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق جب آپ کسی غیر تصدیق شدہ لنک پر اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کرتے ہیں تو آپ کی ذاتی معلومات ہیک کرلی جاتی ہیں اور پھر آپ کو مختلف طریقوں سے بلیک میل کیا جاتا ہے۔ یا آپ کے ای میل پر محفوظ کوڈز کے ذریعے آپ کا اکاؤنٹ بھی ہیک کر لیا جاتا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان ضرور کیا ہے، لیکن وہ صرف میرٹ کی بنیاد پر ہونہار طلبا و طالبات کے لیے ہے۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ حکومت کی تمام ویب سائٹس gov.pk پر ختم ہوتی ہیں، اس کے علاوہ اگر کسی ویب سائٹ سے آپ کو کسی اسکیم میں اپلائی کرنے کا کہا جائے تو وہ یقیناً جھوٹ پر مبنی ہوگا۔

نتائج:۔ حکومت نے مالی مشکلات کا سامنا کرنے والے افراد کے لیے کسی لیپ ٹاپ اسکیم کا اعلان نہیں کیا، ایسے تمام دعوے من گھڑت ہیں۔

Author

تازہ ترین