سوشل میڈیا پر گزشتہ روز سے ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں کچے کے ڈاکو محمد یار بلوچ عوام سے اپیل کررہے ہیں کہ ان کے یوٹیوب چینل کو زیادہ سے زیادہ لائک اور سبسکرائب کیا جائے۔
حال ہی میں رحیم یار خان میں کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں 12 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے بعد پنجاب پولیس نے کچے کے ڈاکوؤں کے سروں کی قیمتیں بھی مقرر کی ہیں، اور اس پر ملک بھر میں بحث بھی ہورہی ہے کہ آخر حکومت کیوں کچے کے ڈاکوؤں کا خاتمہ نہیں کررہی۔
ٹیم فیکٹ پلس نے جب اس حوالے سے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو تقریباً 2 سال پرانی ہے۔
یہ ویڈیو شاہد خان لونڈ بلوچ نامی یوٹیوب چینل پر مورخہ 6 جون 2022 کو اپ لوڈ کی گئی تھی۔
مزید تحقیق کرنے پر معلوم ہوا کہ شاہد خان لونڈ بلوچ نے اپنے یوٹیوب چینل پر 2 سال قبل اپنی آخری ویڈیو اپ لوڈ کی تھی۔
تاہم دوسری جانب یہ بھی واضح رہے کہ محمد یار لونڈ بلوچ کے نام سے ایک چینل بنا ہے جو مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوؤں کا ہی ہے، تاہم اس پر بھی یہی 2 سال پرانی ویڈیو آج کے دن میں اپ لوڈ کی گئی ہے، اور چینل کو سبسکرائب کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔
نتائج:۔ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی ویڈیو 2 سال پرانی ہے، محمد یار لونڈ بلوچ کے نام سے بنائے گئے چینل پر بھی یہی ویڈیو آج کے دن میں شیئر کی گئی ہے، اس چینل کے حوالے سے کنفرم نہیں کہ کس نے بنایا تاہم نئے چینل پر بھی وہی پرانی ویڈیو اپ لوڈ کی گئی۔