مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے کہ وفاقی حکومت نے پاسپورٹ کی فیسوں میں اضافہ کردیا ہے۔
گردش کرنے والے خبر میں بتایا گیا ہے کہ ای پاسپورٹ (36 صفحات) 5 سال کیلئے نا رمل فیس 3ہزار روپے اور ارجنٹ 15 ہزار روپے ہوگی۔ 75 صفحات کے نارمل پاسپورٹ کے لیے فیس 15 ہزار 500 روپے، ارجنٹ کے لیے 27 ہزار روپے 10 سال کے لیے ہو گی۔
خبر کے مطابق 36 صفحات کے ای پاسپورٹ کے لیے 13ہزار 500 ر وپے، ارجنٹ 24 ہزار 750 روپے، 75 صفحات کے نارمل ای پاسپورٹ کے لیے 16 ہزار 500 روپے، ارجنٹ کے لیے 27 ہزار روپے اور 10 سال کے لیے نارمل فیس 24 ہزار 750 روپے اور ارجنٹ کے لیے فیس 40 ہزار 500 روپے ہوگی۔
’مشین ریڈ ایبل (ایم آر پی) پاسپورٹ 5 سال 36 صفحات کے نارمل پاسپورٹ کی فیس 4500 روپے، ارجنٹ 7500 روپے، فاسٹ ٹریک پاسپورٹ کے لیے فیس 13 ہزار 500روپے مقرر کی گئی ہے۔ 72 صفحات 10 سال کے لیے ایم آر پی نارمل پاسپورٹ فیس 6700 روپے، ارجنٹ فیس 11ہزار 200 روپےاور فاسٹ ٹریک فیس 16ہزار 200 روپے رکھی گئی ہے‘۔
خبر میں کہا گیا ہے کہ 72 صفحات 5 سال کے لیے نارمل ایم آر پی فیس 8200 روپے، ارجنٹ 13ہزار 500 روپے فاسٹ ٹریک فیس 19ہزار 500 روپے، 100 صفحات ایم آر پی فیس نارمل 9ہزار روپے ارجنٹ 18 ہزار روپے فاسٹ ٹریک 23 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
خبر کے مطابق 10 سال کے لیے ایم آر پی 100 صفحات نارمل فیس 13 ہزار 500 روپے، ارجنٹ فیس 17ہزار روپے، فاسٹ ٹریک فیس 32 ہزار روپے مقرر کردی گئی ہے۔
خبر میں مزید کہا گیا ہے کہ پہلی، دوسری اور تیسری مرتبہ گم شدہ پاسپورٹ کے لیے بھی الگ الگ فیس مقرر کر دی گئیں ہیں، پہلی مرتبہ گم ہونے والے پاسپورٹ پر 54 ہزار روپے اور تیسری مرتبہ گم ہونے پر 3 لاکھ 56 ہزار روپے بطور فیس وصول ہوگی۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ پاسپورٹ کی فیسوں میں اضافے کی خبر بے بنیاد ہے، حکومت کی جانب سے کوئی ایسا اضافہ نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی نے بھی پاسپورٹ کی فیسوں میں اضافے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاسپورٹ فیس میں اضافے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، پاسپورٹ فیس میں اضافے کی خبریں بےبنیاد ہیں۔
ڈی جی پاسپورٹ نے کہاکہ پاسپورٹ کی فیسوں میں آخری مرتبہ اضافہ اپریل 2024 میں 10 سال بعد کیا گیا تھا۔
نتائج:۔ پاسپورٹ کی فیس میں اضافے کی خبر بے بنیاد ہے، حکومت نے فیسوں میں کوئی نیا اضافہ نہیں کیا۔