امریکا کے عام انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو امید ہے کہ وہ حلف اٹھانے کے بعد عمران خان کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امریکا کے ذریعے عمران خان کی رہائی کے لیے لابنگ کررہی ہے، اور اسی کے نتیجے میں امریکی اراکین کانگریس نے دو بار صدر جوبائیڈن کو عمران خان کے معاملے پر خط لکھا۔
اسی لابنگ کے نتیجے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی نامزد ہونے والے رچرڈ گرینل عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔
اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر گردش کررہی ہے جس میں مبینہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل’فری عمران خان‘ کا بینر اٹھائے ہوئے ہیں۔
اس تصویر کو پی ٹی آئی کے چاہنے والے بغیر کسی تحقیق کے شیئر کررہے ہیں، یہاں تک کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ معروف یوٹیوبر عمران ریاض خان نے بھی یہ تصویر اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقیقت جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ تصویر اے آئی ٹولز کی مدد سے بنائی گئی ہے، جو فیک ہے۔
فیکٹ پلس کی تحقیق کے مطابق اس تصویر کے فیک ہونے کی سب سے بڑی دلیل یہ ہے کہ کسی بڑے میڈیا ہاؤس میں یہ تصویر یا اس سے جڑی کوئی خبر بھی پبلش نہیں ہوئی۔
نتائج:۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے رچرڈ گرینل کے ساتھ ’فری عمران خان‘ کا بینر تھامے کوئی تصویر نہیں بنوائی۔