سوشل میڈیا پر ایک خبر گردش کررہی ہے، جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ حکومت پنجاب نے شادی بیاہ کی تقریبات میں کرنسی نوٹ نچھاور کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اور اب خلاف ورزی کی صورت میں دلہے کو گرفتار کرلیا جائےگا۔
حال ہی میں یہ خبر اس وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جب پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما قمر زمان کائرہ نے اپنے بیٹوں کی شادی پر نہ کسی سے سلامی لی اور نہ ہی قوالی نائٹ جیسی تقریبات کرکے نوٹ نچھاور کیے۔
قمر زمان کائرہ کے اس اقدام کو معاشرے کے ہر طبقے کی جانب سے سراہا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے شادی بیاہ میں قوالی نائٹ میں نوٹ نچھاور کرنے سمیت دیگر غیرضروری رسم و رواج پر پابندی عائد کی جائے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شادی کی تقریبات میں نوٹ نچھاور کرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔
پنجاب کے سینیئر حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا، نہ ہی ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں ہونے والی شادیوں میں لوگ اپنے علاقے کے حوالے سے مختلف رسم و رواج کرتے ہیں۔ اس دوران کئی علاقوں میں قوالی نائٹ بھی منعقد کی جاتی ہے جس میں پرفارم کرنے والوں پر کرنسی نوٹ نچھاور کیے جاتے ہیں۔
علما کرام سمیت معاشرے کے مختلف طبقات ایسے رسم و رواج کو غلط سمجھتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کرچکے ہیں، لیکن حکومت نے فی الحال ایسی کسی پابندی کا اعلان نہیں کیا۔
نتائج:۔ پنجاب حکومت نے شادی بیاہ کے دوران تقریبات میں کرنسی نوٹ نچھاور کرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔