آئندہ برس 2025 میں پاکستان چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی کرنے جارہا ہے، اور اس حوالے سے خوش آئند بات یہ ہے کہ آئی سی سی کے سالانہ بورڈ اجلاس میں چیمپیئنز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری بھی دیدی گئی ہے۔
چیمپیئنز ٹرافی کا وقت جوں جوں قریب آرہا ہے تو یہ سوالات جنم لے رہے ہیں کہ کون کونسی ٹیمیں سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر پاکستان آنےسے معذرت کرسکتی ہیں، تو اس میں بھارت سرفہرست ہے، گوکہ ان کی جانب سے ابھی کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا مگر اس سے قبل ایشیا کپ میں بھی بھارت نے پاکستان میں اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے بھی یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بھارت اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا، تاہم دوسری طرف سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں افغان کرکٹ بورڈ نے بھی سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ افغان کرکٹ بورڈ نے ایسا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر فیک نیوز ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں شریک افغانستان کرکٹ بورڈ کے افسران نے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ افغانستان کی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان جائے گی۔
نتائج:۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی خبر فیک نیوز ہے، افغان کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے معذرت نہیں کی۔