بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنے دفاتر بند کردیے ہیں، جو پاکستان کی آئی ٹی معیشت کے زوال کی علامت ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس خبر کو بغیر تحقیق شیئر کررہے ہیں اور حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے، اور بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے۔
فیکٹ پلس کے مطابق یہ دعویٰ گمراہ کن اور بے بنیاد ہے۔ مائیکروسافٹ نے پاکستان میں کوئی باقاعدہ آپریشنل دفتر بند نہیں کیا بلکہ صرف ایک رابطہ دفتر بند کیا ہے، جو کہ نہ تو کسی بڑے انخلاء کی علامت ہے اور نہ ہی کمپنی کی سرگرمیوں میں کسی کمی کی۔
مائیکروسافٹ نے پاکستان میں 25 سال بعد اپنے دفاتر بند کر دیے، وجہ کیا؟
پاکستان سافٹ وئیر ہاوسز ایسوسی ایشن کے رہنما محمد راحیل کے مطابق ’مائیکروسافٹ کا پاکستان سے آپریشنز بند کرنا اس کی عالمی سطح پر جاری تنظیم نو کا حصہ ہے۔ جون میں کمپنی نے دنیا بھر سے تقریباً 9 ہزار سے زائد…— Waseem Abbasi (@Wabbasi007) July 4, 2025
مائیکروسافٹ کی پاکستان میں طویل عرصے سے یہی پالیسی رہی ہے کہ وہ اپنے کمرشل، لائسنسنگ اور کلاؤڈ آپریشنز یورپ (بالخصوص آئرلینڈ) سے چلاتی ہے۔
پاکستان میں کمپنی کی زیادہ تر سرگرمیاں مقامی شراکت داروں اور آن لائن سروسز کے ذریعے انجام دی جاتی ہیں۔
پاکستان میں موجود رابطہ دفتر کا بند ہونا مائیکروسافٹ کی عالمی سطح پر جاری “ورک فورس آپٹیمائزیشن پروگرام” حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت کمپنی اپنے براہِ راست دفاتر کو کم کر کے ایک مؤثر، کلاؤڈ بیسڈ اور پارٹنر-فوکسڈ ماڈل اپنا رہی ہے۔
فیکٹ پلس کو حکام کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ وزارتِ آئی ٹی اس تبدیلی کو مکمل طور پر مانیٹر کررہی ہے اور مائیکروسافٹ کے ریجنل و عالمی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہے۔
حکام کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ کی قیادت میں پاکستان عالمی آئی ٹی سرمایہ کاری کا نیا مرکز بن رہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ اپریل 2025 میں منعقدہ DFDI Summit 2025 میں پاکستان نے 700 ملین ڈالر کی غیرملکی سرمایہ کاری کے معاہدے حاصل کیے، یہ پاکستان کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں عالمی اہمیت کا ثبوت ہے۔
حکام کے مطابق وزارتِ آئی ٹی اور ٹیلی کام پوری قوت کے ساتھ پاکستان میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی موجودگی کو فروغ دے رہی ہے۔ کوئی بھی وقتی تبدیلی پاکستان میں آئی ٹی خدمات یا عالمی شراکت داری کو متاثر نہیں کرے گی۔ پاکستان کا پیغام واضح ہے کہ ہماری سرزمین عالمی ٹیکنالوجی کی اگلی قیادت کے لیے تیار ہے۔ ہم خود مختار، مضبوط اور عالمی آئی ٹی ماحولیاتی نظام کے ساتھ ہم آہنگ مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
نتائج:۔ مائیکروسافٹ کے پاکستان میں رابطہ دفتر بند ہونے کو مکمل انخلا یا پاکستان سے وابستگی ختم کرنا کہنا غلط اور من گھڑت دعویٰ ہے۔ کمپنی کی خدمات، شراکت داری اور صارفین کے ساتھ تعلق بدستور قائم ہے۔ بھارتی میڈیا کا یہ بیانیہ ایک پروپیگنڈا مہم کا حصہ معلوم ہوتا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل اثر کو کمزور ظاہر کرنا ہے۔