spot_img

فیکٹ چیک: کیا صحافی طلعت حسین نے پی ٹی آئی احتجاج میں 116 اموات کا دعویٰ کیا؟

سوشل میڈیا پر معروف صحافی طلعت حسین کی ایک ویڈیو زیرگردش ہے جس میں وہ حالیہ پرتشدد واقعات میں 116 اموات کا ذکر کررہے ہیں۔

تحریک انصاف کے چاہنے والوں کی جانب سے اس ویڈیو کلپ کو اس کیپشن کے ساتھ شیئر کیا جارہا ہے کہ تحریک انصاف کے بدترین مخالف نے بھی ڈی چوک میں رینجرز اور پولیس کی فائرنگ سے 116 اموات کا اعتراف کرلیا ہے۔

فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ ویڈیو واقعی طلعت حسین کی ہی ہے، تاہم یہ مکمل ویڈیو نہیں، اور وہ ڈی چوک میں ہونے والی اموات کا ذکر نہیں کررہے۔

فیکٹ پلس کے مطابق سینیئر صحافی طلعت حسین کی پوری ویڈیو میں مکمل تفصیل موجود ہے جس میں وہ ضلع کرم میں ہونے والے فسادات میں 116 اموات کا ذکر کررہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو کے ایک حصے کو کاٹ کر پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ سینیئر صحافی طلعت حسین نے ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران 116 اموات کا اعتراف کرلیا، یہ فیک نیوز ہے، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

فیکٹ پلس اب بھی اپنی خبر پر قائم ہے کہ پی ٹی آئی کے اسلام آباد احتجاج کے دوران 4 سیکیورٹی اہلکاروں اور 6 مظاہرین کی اموات ہوئی ہیں۔

نتائج:۔ صحافی طلعت حسین نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران 116 اموات کا دعویٰ نہیں کیا۔

Author

تازہ ترین