سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو زیرگردش ہے جس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اسلام آباد کے رہائشی سیکٹر جی 13 میں ایئرکنڈیشنر میں دھماکے کے بعد آتشزدگی ہوئی ہے، ویڈیو میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ایک مخصوص برانڈ کے ایئر کنڈیشنر میں موجود گیس کی وجہ سے اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی اس نوعیت کے دھماکے ہوئے ہیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ایک صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیاکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں ہائیرآر 32 اے سی کے متعدد دھماکوں کی اطلاع ملی ہے۔
#خان_کی_رہائی_قوم_کی_آزادی
اسلام آباد: سیکٹر G-13 میں AC دھماکہ، پاکستان کے مختلف شہروں میں Haier R32 اے سی کے متعدد دھماکوں کی اطلاع ملی ہے۔ بہت سارے لوگ اور گھر اس دھماکے سے جل گئے ہیں۔ کچھ لوگ وجہ بتا رہے ہیں کہ R32 گیس کی وجہ سے دھماکے ہو رہے ہیں۔#ACBlast #Islamabad pic.twitter.com/jLr5hrylNm— Adeel عدیل عادی (@Adeel9559) August 12, 2024
انہوں نے کہاکہ اطلاع کے مطابق بہت سارے لوگ اور گھر اس دھماکے کی وجہ سے جل گئے ہیں، کچھ لوگوں کی جانب سے وجہ بتائی جارہی ہے کہ آر32 گیس کی وجہ سے دھماکے ہورہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور جاننے کی کوشش کی کہ کیا واقعی مخصوص برانڈ کے اے سی کی وجہ سے اسلام آباد اور دیگر شہروں میں دھماکے ہوئے ہیں تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ دارالحکومت کے رہائشی سیکٹر جی13 میں کسی بھی قسم کے اے سی یا سلینڈر کے باعث ہونے والے دھماکے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو معلوم نہیں کب کی ہے اور واقعہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر موجود مذکورہ ویڈیو پر کچھ صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ 2013 کا ہے۔
نتائج:۔ اسلام آباد جی 13 اور ملک کے دیگر شہروں میں ایئرکنڈیشنر میں دھماکے کے بعد آتشزدگی اور گھروں کے جلنے کی خبر درست نہیں۔