سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ میں پاکستان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے امریکی فوجی طیاروں کو ہمسایہ ملک ایران پر حملے کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔
یہ دعویٰ پہلی بار 13 جون کو اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد سامنے آیا، اور 17 جون کو ایک صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ پاکستان ایران کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہا ہے۔
اس پوسٹ میں ایک تصویر بھی شامل تھی جس میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکی جنگی طیارے پاکستانی فضائی حدود کو عبور کرکے ایران کی طرف پرواز کر رہے ہیں، اور ایک امریکی انٹیلیجنس طیارہ ایران پاکستان سرحد کے ساتھ پرواز کرتے ہوئے نگرانی کررہا ہے۔
⚡ Pakistan is backstabbing Iran:
Several US Air Force KC-135, KC-10 tankers flew deep into Pakistani airspace, while a US RC-135V Rivet Joint intelligence aircraft conducted high-altitude surveillance along sensitive corridors to Iran, which was not challenged by the Pakistan… pic.twitter.com/HRG1Xhvftq
— OSINT Updates (@OsintUpdates) June 17, 2025
پوسٹ میں الزام لگایا گیا کہ پاکستان ایران کے جوہری اثاثوں سے متعلق حساس معلومات امریکا اور اسرائیل تک پہنچانے میں مدد دے رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پوسٹ کو بغیر تحقیق شیئر کیا جارہا ہے اور مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
فیکٹ پلس نے اس حوالے سے تحقیق کی اور حقائق جاننے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ یہ فیک نیوز ہے۔
دوسری جانب تحقیقی صحافی طاہر عمران میاں نے اس تصویر کو مکمل طور پر جعلی قرار دیتے ہوئے کہاکہ تصویر میں موجود امریکی طیاروں کے رجسٹریشن نمبرز کو عالمی فلائٹ ٹریکنگ پلیٹ فارمز، فلائٹ ریڈار24 اور پلین اسپاٹرز کے ذریعے چیک کیا گیا، مگر ان کا کوئی وجود نہ پایا گیا۔
انہوں نے کہاکہ یہ طیارے دراصل تصویر پر لگائے گئے ہیں یا اے آئی کے ذریعے تخلیق کیے گئے ہیں تاکہ یہ اصلی پروازوں کا تاثر دیں، جبکہ ان کی کوئی حقیقت نہیں۔
’تصویر میں جغرافیائی غلطیاں بھی موجود ہیں، مثلاً ایران کی بندرگاہ چابہار کو غلط طور پر پاکستان کے اندر ظاہر کیا گیا ہے۔‘
اس معاملے پر پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے بھی باضابطہ طور پر ردعمل دیتے ہوئے آن لائن دعوؤں کو بے بنیاد اور جعلی قرار دیا۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے امریکا یا کسی دوسرے ملک کو اپنی فضائی حدود ایران کے خلاف کسی بھی حملے یا نگرانی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
نتائج:۔ اس دعوے میں کوئی حقیقت نہیں کہ پاکستان نے اپنی فضائی حدود امریکا کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دی ہے۔