راولپنڈی میں صدر سے پاک سیکریٹریٹ تک چلنے والی میٹرو بس سروس کا جب آغاز ہوا تو اس کا ٹکٹ ایک پلاسٹک ٹوکن کی شکل میں دیا جاتا تھا، پھر اسٹیشن پر پہنچنے کے لیے ایک بیریئر سے گزر کر جانا پڑتا تھا۔ ڈیجیٹل سسٹم کی وجہ سے اس میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی تھی کی روزانہ کی بنیاد پر کتنے مسافر سفر کررہے ہیں اور کتنی آمدن ہوئی، تاہم اب ٹوکن سسٹم ختم کرکے مسافروں کو پرچی ٹکٹس دیے جارہے ہیں۔
میٹرو بس سروس پر سفر کرنے والوں کو پرچی ٹکٹس دیے جانے پر سوشل میڈیا پر تبصرے کیے جارہے ہیں کہ پلاسٹک ٹوکن سسٹم ختم کرنا کرپشن کی راہ ہموار کرنے کے مترادف ہے۔
میٹرو بس کا پلاسٹک ٹوکن سے کاغذ کی ٹکٹ تک کا سفر۔
آج میں نے کیا دیکھا؟#MetroBus #Pakistan pic.twitter.com/MNaiblqZy0— Farhan Khan (@TheFarhanAKhan) May 4, 2024
فیکٹ پلس نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے اچانک کیوں پلاسٹک ٹوکن سے پرچی ٹکٹ مسافروں کو دیے جارہے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر کے مطابق ٹوکن ختم ہونے کی شکایت راولپنڈی میں سامنے آئی ہے جسے دیکھا جارہا ہے، جبکہ لاہور اور پنجاب کے دوسرے شہروں میں ٹوکن سسٹم ہی چل رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ میٹرو بس سروس میں اب ٹوکن سسٹم ختم کرکے ڈیجیٹل کارڈ سسٹم شروع کیا جارہا ہے، جو میٹرو بس سروس، اورنج لائن میٹرو ٹرین اور اسپیڈو بس سسٹم میں یکساں طور پر چلے گا اور سب کے لیے الگ الگ ٹوکن یا کارڈ نہیں لینا پڑے گا۔